کارکن تیار رہیں، چند دنوں میں لانگ مارچ کی تاریخ دے رہا ہوں، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے جیسے ہی فیصلہ آئے گا میں لانگ مارچ کی تاریخ دوں گا، میں جب تاریخ دوں گا توآپ سب تیار رہیں۔ یہ اس ملک کاسب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا،

تحریک انصاف کی نیشنل کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک جس طرف جا رہا ہے۔ اس کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے؟ ان کو اس لیے ہم پر مسلط کیا گیا تاکہ ہمارا ملک کمزور ہو، سازش کرنے والے چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور پاک فوج کمزور ہو۔

عمران خان نے کہاکہ سیاست نہیں کررہے بلکہ امریکی غلاموں کےخلاف جہاد کررہے ہیں،چوروں کو آئندہ انتخابات میں بھی جتوانے کی تیاری ہے کیونکہ الیکشن کمیشن پہلےہی ان کے ساتھ ہے ،کرپٹ حکمران اپناچیئرمین نیب لگواکراپنے کیسزختم کروائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کاسب سے بڑا مسئلہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت ہے، پاکستان کی تاریخ میں اس طرح کی مہنگائی کبھی نہیں ہوئی۔ ہمارے دور میں معیشت 6 فیصد سے ترقی کر رہی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ جس طرح کی آنسو گیس کی شیلنگ ہماری خواتین پر کی گئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، مارشل لاء کے علاوہ کبھی ایسا نہیں ہوا جیسا پولیس نے 25 مئی کو کیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرول پر چار روپے بڑھے تو بلاول نے مہنگائی مارچ کیا، ہم نے تو کسی کو نہیں روکا، ہم نے فیک نیوز کے علاوہ کسی چیز کو نہیں روکا، مثبت تنقید قوم کا اثاثہ ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو شخص ان کی ٹکٹ لینے کے لیے لائن میں کھڑا ہے اس کو اپوزیشن لیڈر بنا دیا گیا، ایک نا جائز کام کو جائز بنانے کے لیے تمام حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ناجائز کام کو جائز بنانے کے لیے تمام حربے استعمال کیے جارہے ہیں، دنیا میں کہیں بھی ملزم قاضی نہیں بن سکتا، دنیا میں کہیں ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنے کیسز خود ختم کروائے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اگلی ٹرم کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دو پینلز کے امیدوار عمران خان کے حق میں انتخاب سے دستبردار ہوئے ہیں۔ ایک پینل کی سربراہی عمر سرفراز چیمہ، دوسرے کی نیک محمد کررہے تھے۔

دوسری جانب شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین، اسدعمر مرکزی سیکریٹری جنرل بن گئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More