پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومتی ترجمان باولے ہوچکے ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور: مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام مافیاازم کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ اوپر سے لے کر نیچے تک ہر جگہ مافیا غریب کی جیب پر ڈاکے مار رہا ہے۔ تبدیلی اور مافیا ازم کے کسی کارندے کو بھاگنے نہیں دینگے سب کو ایک ایک چوری کا حساب دینا ہوگا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب لاہور پانی میں تیر رہا ہوتا تھا اسوقت عوام کا خادم اعلی عوام کے درمیان ہوتا تھا۔ جب لکشمی چوک ڈوب رہا تھا عمران خان اس وقت کنٹینر پر کھڑا ارسطو پاٹ ٹو بن رہا تھا۔پرچی ترجمان میڈیا پر آنے سے پہلے حقائق چیک کرلیا کریں، لکشمی چوک کا نکاسی آب منصوبہ شہباز شریف کا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران اور بزدار تین سالوں سے نواز اور شہباز کے منصوبوں پر تختیاں اور دوبارہ افتتاحی فیتے کاٹ رہے ہیں جبکہ دھرنوں اور میوزیکل شوز کی پیداوار جماعت آج کس منہ سے پی ڈی ایم کے مارچ کی مخالفت کررہی ہے، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومتی ترجمان باولے ہوچکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کنٹینر تیار رکھیں ،اب لانگ مارچ بھی ہوگا اور دھرنا بھی ہوگا۔ پانچ سال دو فسادی کزنوں نے ملک بھر کی سڑکوں پر دھرنے دیے، عمران خان اور طاہر القادری نے کفن کے ساتھ ساتھ ڈی چوک میں قبریں بھی کھودوادی تھیں۔ایک کزن اپنی دیہاڑی لگا کر کینیڈا فرار ہوگیا اور دوسرا کزن قوم کی بوٹیاں نوچ رہا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More