عظمیٰ بخاری کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کی سہولت بند ہونے پر اظہار تشویش

لاہور: مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کی سہولت بند ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہسپتال،سروسز ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت بند کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال اور میو ہسپتال میں ایم آر آئی،سی ٹی سکین سمیت متعدد مشینیں عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی ایک عرصے سے بند ہو چکا ہے۔ جب سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات میسر نہیں تو عوام نے صحت کارڈ کا اچار ڈالنا ہے؟

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ عمران خان کا” صحت کارڈ “غریب مریضوں کےلئے ”صبر کارڈ“ بن چکا ہے۔ عمران خان کی حکومت اب ”کارڈ حکومت“ بن چکی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے والے اب ”راشن کارڈ “تک آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی لیڈر ملک میں روزگار کے موقع پیدا کرتے ہیں ، عمران خان نے پوری زندگی چندہ،زکوة اور خیرات پر گزاری ہے۔ عوام ایسے وزیراعظم سے روزگار کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More