جدید منصوبوں سے شہری ترقی حکومت کی ترجیحات ہیں، عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ والٹن اور نالہ لئی ایکسپریس وے جیسے جدید رئیل اسٹیٹ منصوبوں کے ذریعے شہری ترقی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں جن کی جلدازجلد تکمیل کے لیے تیزی سے کام کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ والٹن پرجائزہ اجلاس ہوا۔ دورن اجلاس وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سی بی ڈی نے لاہور ڈاؤن ٹاؤن میں 07 مکس یوز کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کے ذریعے آمدنی پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

وزیر اعظم کا بتایا گیا کہ برج الجناح کی تعمیر، پاکستان کی بلند ترین فلک بوس عمارت،باب پاکستان میں دو پریمیم رہائشی ٹاؤرز اور 500 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر، سی بی ڈی اسکوائر اور والٹن روڈ فلائی اوور کی تعمیر اور والٹن ہوائی اڈے کی میراث برقرار رکھنے کے لیے کلاسک ایوی ایشن میوزیم کی تعمیر بھی سی بی ڈی کے اہداف میں شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ دریائے راوی واٹر فرنٹ کی ترقی، انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام، سیفائر بے اور راوی چہار باغ سوسائٹی پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ ان تاریخی منصوبوں میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے زیادہ سے زیادہ محصولات حاصل کرنے کے لیے میڈیا کے ذریعے ایک موثر آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔

وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام قانونی رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ان جدید منصوبوں کے ذریعے غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی صورت میں پڑے مردہ سرمائے کو قیمتی اثاثے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کریں گے بلکہ بڑھتی شہری آبادی کی ضروریات کو بھی پورا کریں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More