پی سی بی جونیئر پاتھ وے کرکٹ پروگرام

تحریرعبید الرحمن اعوان



پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کو عہدہ سنبھالے زیادہ عرصہ نہیں گزرا لیکن اس مختصروقت میں انہوں نے کئی ایسے اقدامات کیے ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ وہ کچھ اچھا کرنے کی تگ و دو میں ہیں۔ کراچی میں بورڈ آف گورنرز میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں رمیز راجہ نے بتایا کہ وہ جونیئرسطح پرکرکٹ کی ڈیولپمنٹ کے لیے اقدامات کرنے کا پلان بنا رہے ہیں جس کا خاکہ تیارکرلیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے دو انتہائی اہم اقدامات سامنے رکھے اول تو یہ کہ جونیئر پاتھ وے پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پی سی بی انڈر 11، انڈر 14 ، انڈر 16،انڈر 19سے کم عمر باصلاحیت 100 کھلاڑیوں کو جونیئر اور پاتھ ویز کرکٹ کنٹریکٹ دے گا۔یہ کھلاڑی ماہوار 30 ہزار روپے وظیفہ وصول کرنے کے علاوہ سو فیصد تعلیمی اسکالرشپ بھی حاصل کریں گے۔

دوسرے نمبر پرپاتھ ویز کرکٹ فاؤنڈیشن ہے جس کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ ان 100 باصلاحیت نوجوانوں کے لیے انتہائی قابل غیرملکی کوچز کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعینات کرے گا۔ یہ کوچز ان کھلاڑیوں کی تربیت کے علاوہ انہیں اکتوبر 2022 میں شیڈول انڈر 19 پی ایس ایل کے لیے بھی تیار کریں گے۔

پاکستان کرکٹ میں جونیئرسطح پرکھلاڑیوں کی گرومنگ اورکوچنگ کی کمی عرصہ دراز سے شدت کے ساتھ محسوس کی جا رہی تھی۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرتک پہنچنے والے کئی کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر وہاں تک پہنچتے ہیں جنہیں اچھے کوچز بھی ملتے ہیں اور قومی ٹیم کے کوچز بھی وہاں آکران کی صلاحیتوں کو نکھارتے رہتے ہیں لیکن انڈر نائنٹین یا اس سے کم عمر کے کھلاڑیوں کے لیے کبھی بھی ایسے اقدامات کا نہیں سوچا گیا۔

بین الاقوامی کوچزاگر جونیئر لیول پر آکر کھلاڑیوں کو سکھائیں گے تومستقبل میں اس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہونگے۔ اس کے ساتھ والدین کوبھی ترغیب ملے گی کہ وہ اپنے بچوں کو کرکٹ کھیلنے بھیجیں تاکہ وہ پی سی بی پاتھ وے پروگرام میں جگہ بنا سکیں جس کے بعد نہ صرف ان کا کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا ہوگا بلکہ ان کے تعلیمی اخراجات بھی پی سی بی کے ذمے آجائیں گے۔ یہ پروگرام پاکستان کرکٹ کے لیے انقلابی قدم ثابت ہوسکتاہے۔

@UbaidAwan

Mr Ubaid ur Rehman Awan

Senior sports journalist

Abbtakk News

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More