تازہ ترین
پارک لین ریفرنس:نیشنل بینک کے سابق صدور وعدہ معاف گواہ بن گئے

پارک لین ریفرنس:نیشنل بینک کے سابق صدور وعدہ معاف گواہ بن گئے

اسلام آباد:(29 جولائی 2020)پارک لین ریفرنس میں آج بڑی پیش رفت ہوئی ہے،جہاں نیشنل بینک کے سابق صدور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آج پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی،اس موقع پر نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل بینک کے سابق صدر سید علی رضا اور سید قمر حسین سابق صدر آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

نیب حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چیئرمین نیب نے دونوں وعدہ معاف گواہان کو قانون کے مطابق گواہی دینے پر معاف کر دیا ہے،اس کے علاوہ نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف 61 گواہوں کے بیانات احتساب عدالت میں جمع کرائے۔

نیب کے مطابق سید علی رضا نے بتایا کہ آصف زرداری کے کہنے پر ہی ان کی فرنٹ کمپنی کو قرض جاری کیا جاتا رہا، جبکہ دوسرے وعدہ معاف گواہ سید قمر حسین نے بھی اسی بات کی تصدیق کی، گواہان کے مطابق عبدالغنی مجید آصف زرداری کے پیغامات بینک حکام تک پہنچاتے تھے۔

نیب کے مطابق قرض کی یہی رقوم فالودے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس میں گئیں، نیشنل بینک کریڈٹ کمیٹی کے افسران بھی یہ گواہی دیں گے۔

دوران سماعت نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف زرداری اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے تاکہ شواہد سے جرم ثابت کیا جا سکے۔

پارک لین کمپنی ریفرنس میں آصف علی زرداری کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر نیب پراسیکوٹر سردار مظفر عباسی نے دلائل مکمل کرلیے، بعد ازاں احتساب عدالت نے فاروق ایچ نائیک سے جوابی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت سات اگست تک ملتوی کردی.

Comments are closed.

Scroll To Top