حکمران پاکستان کی خود مختاری کو سرنڈر کرنے جارہے ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ حکمران پاکستان کی خود مختاری کو سرنڈر کرنے جارہے ہیں ۔

قومی اسمبلی اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں نکتہ اعتراض پر پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف نے کہاکہ منی بجٹ کا سن رہے ہیں۔ اس پر ایوان کو بتایا جائے حقیقت کیا ہے ؟۔

مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے کہا کہ 1971ء کے سرنڈر کے بعد اس سے زیادہ خطرناک سرنڈر اب کیا جارہا ہے۔ حکمران ملک کی خودمختاری کو سرنڈر کرنے جارہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کی مقامی برانچ بن چکا ہے جبکہ اگلے مرحلے پر نیوکلیئر طاقت پر سمجھوتا کیا جائیگا۔ ہم منی بجٹ اور سٹیٹ بینک بل کی ڈٹ کر مخالفت کرینگے۔

زاہد درانی کے نکتہ اعتراض میں مائیک بند کرنے اور وزیر خارجہ کو فلور دینے پر اپوزیشن نے کورم کورم کی آوازیں لگانا شروع کردیں اور راجہ پرویز اشرف نے مائیک ملنے پر کورم کی نشاندھی کردی ۔اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ معاشی تحفظ کی ذمہ ہماری ہے جسے نبھائینگے۔ جوہری قوت پر قومی اتفاق رائے تھا اور ہے اگر اپوزیشن کے ذہن میں کوئی وسوسہ ہے تو نکال دے۔

وقفہ سوالات میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ حکومت نے 36 کروڑ کی گاڑیوں کی نیلامی کی اور کوئی نئی گاڑی وزیراعظم یا کابینہ کے لئے نہیں خریدی گئی۔ماحولیاتی آلودگی بارے سوال پر زرتاج گل کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو کام 70 سال میں نہیں ہوا ہم نے ساڑھے تین سال میں اینٹوں کے بھٹوں کو ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا۔ دھند اللہ کی طرف سے ہوتی ہے اس پر کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More