صدرنے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس سختی سے مسترد کرتے ہوئے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ہے کہ گورنر پنجاب کو صدر پاکستان کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جاسکتا۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 101 کی شق 3 کے مطابق گورنر صدر مملکت کی رضا مندی تک عہدے پر قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ گورنر پر نہ تو بدانتظامی کا کوئی الزام ہے اور نہ ہی انہیں کسی عدالت کی طرف سے سزا ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ موجودہ گورنر پنجاب نے آئین کے خلاف کوئی کام نہیں کیا۔ اس لئے انہیں ہٹایا نہیں جاسکتا، ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے صدر مملکت کا فرض ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 41 کے مطابق پاکستان کے اتحاد کی نمائندگی کرے۔

گورنر پنجاب کے آئینی کردار کو اجاگر کرتے ہونے صدر مملکت نے کہا کہ گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کے استعفیٰ کے درست ہونے اور وفاداریوں کی تبدیلی کے حوالے سے رپورٹ ارسال کی تھی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ گورنر کو ہٹانا غیر منصفانہ اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہوگا۔ ضروری ہے کہ موجودہ گورنر ایک صحت مند اور صاف جمہوری نظام کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے عہدے پر قائم رہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 63 اے ممبران اسمبلی کو خریدنے جیسی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ اس مشکل وقت میں دستور پاکستان کے اُصولوں پر قائم رہنے کے لیے پرعزم ہوں۔

صدر مملکت نے کہاکہ گورنر پنجاب کو ہٹانے کے وزیر اعظم کی ایڈوائس کومسترد کرتا ہوں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More