معیشت کو درست کرکےعوام کی دادرسی کرنی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: صدر مسلم لیگ نون شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 22کروڑ عوام کے مطالبے پر پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کل پاکستان کو مایوسیوں اور مسائل کے اندھیروں سے نکالنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو اجتماعی دانش ، یک جہتی اور اتفاق رائے کے مرہم کی ضرورت ہے ۔ ہم ایک قوم بن کر مسائل کے طوفانوں کا زور توڑیں گے ۔

نون لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں معیشت کو درست سمت استوار کرکے مہنگائی کے ستائے عوام کی دادرسی کرنی ہے۔روزگار کی فراہمی سے غریبوں کے چولہے پھر سے جلانے ہیں ۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مقام اور تعلقات کو قومی وقار اور مفادات کی بنیاد پر بحال کرنا ہے۔ قیادت کا امتحان ہی مشکل ترین حالات میں ہوتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More