پی پی اور ن لیگ جنوبی پنجاب کی عوام کو لولی پاپ دیتی آئی ہیں، حسان خاور

لاہور: حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی عوام کو لولی پاپ دیتی آئی ہیں۔جنوبی پنجاب کی عوام ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے ڈسے ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کی عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب صوبہ پر منافقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔دونوں جماعتیں جنوبی پنجاب کی احساس محرومی میں برابر کی شریک ہیں۔پہلی مرتبہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کی عوام کو اسکا جائز حق دیا۔

حسان خاور نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جنوبی پنجاب میں بلاتفریق ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔سردار عثمان بزدار کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔اسپتالوں،یونیورسٹیوں ،انڈسٹریل اسٹیٹس اور ترقیاتی منصوبوں سے جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل رہے ہیں۔جنوبی پنجاب کا مختص بجٹ جنوبی پنجاب میں ہی خرچ ہو رہا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے پی ٹی آئی حکومت کا بڑا تحفہ ہے۔ن لیگ اور پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی عوام سے مخلص ہیں تو پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More