بچیوں کو کچھ ہوا تو ذمہ دار سابق شوہر ہوں گے،صوفیہ مرزا

لاہور: معروف ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا اپنے بچوں کے حصول کے لیے ایک بار پھر میدان میں آ گئیں۔کہتی ہیں ان کی جان کوخطرہ ہے،انہیں اور ان کی بچیوں کو کچھ ہوا تو اسکے ذمہ دار ان کے سابق شوہر ہوں گے۔اداکارہ نے وزیراعظم شہبازشریف اور مریم نواز سمیت ملکی سیاسی قیادت سے اپنی بچیوں کے حصول میں معاونت کرنے کی اپیل بھی کی۔

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ صوفیہ مرزا نے اپنے سابق شوہر پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔۔۔بولیں کہ چار ماہ کا عرصہ گزر گیا لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ابھی تک میری بچیوں کو دبئی سے واپس نہیں لایا جا سکا۔سابق شوہر جو مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں وہ میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں،مجھے یا میری بچیوں کو کوئی نقصان پہنچا تو اسکے ذمہ دار عمر فاروق ہوں گے۔

صوفیہ مرزا نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود بھی ایک ماں ہیں،میرے دکھ کو سمجھتے ہوئے مدد کریں۔صوفیہ مرزا نے وزیراعظم شہبازشریف،وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت سیاسی قیادت سے مدد بھی مانگ لی۔

اداکارہ صوفیہ مرزا کا کہنا تھا کہ سابق شوہر نے میری کردار کشی کرنے کے علاوہ جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی۔میرا دامن صاف ہے اسی وجہ سے عدالت نے ایف آئی اے کو میرے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس خارج کرنے کا حکم دیا تھا۔میری بچیوں کو واپس دلوا کر مجرمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More