جماعت اسلامی کا ملک بھر میں ایک سو ایک دھرنے دینے کا اعلان

لاہور: پیپلزپارٹی سے پہلے جماعت اسلامی نے حکومت کے خلاف میدان لگانے کااعلان کردیا ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایک سو ایک دھرنے دئیے جائیں گے ۔ آخری دھرنا راولپنڈی سے ہوتا ہوا اسلام آباد جائے گا۔

منصورہ لاہور میں امیرالعظیم اور قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کی قانون سازی منسوخ نہ کی گئی تو اسلام آباد میں حکومت کے خلاف فیصلہ کن دھرنا دیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ پورے کھیل پر عمران خان اور سلیکٹرز کو کوئی افسوس نہیں ہے ۔ رضا باقر امریکی صدر سے زیادہ تنخواہ لے رہے ہیں۔ فرینڈلی اپوزیشن اور اتحادیوں نے اس حکومت کے ساتھ سہولت کاری کی، یہ سب ذمہ دار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ ایک سو ایک دھرنے کی تفصیلات آئندہ بہتر گھنٹوں میں عوام کو دی جائیں گی، حکومت کے خلاف فیصلہ کن جنگ کےلئے کارکنوں اور عوام سے شرکت کی بھی اپیل کرتا ہوں ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More