جماعت اسلامی کا کرپٹ حکمران اور سودی نظام کے خلاف اعلان بغاوت

اسلام آباد: جماعت اسلامی نے کرپٹ حکمران اور سودی نظام کے خلاف اعلان جنگ اوراعلان بغاوت کر دیا ۔

امیر جماعت سراج الحق کہتے ہیں نئے سال کے پہلے دن قوم کو پیغام دیا ہے معاشی تباہی کا اصل سبب کرپٹ حکمران اور سودی نظام ہے ۔ قوم اب چوروں پر اعتبار نہیں کرتی ۔ عمران خان تمہارے چند دن اور چند راتیں رہ گئی ہیں ۔ ان سے کہتا ہوں اب بس کر دو اور حکومت چھوڑ دو ۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام سود پر مبنی معاشی نظام کے خلاف اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا ملک میں مہنگائی کرپٹ حکمرانوں اور سودی نظام کی وجہ سے ہے، آج ملک میں مہنگائی کے خلاف اعلان جنگ اور سودی نظام کے خلاف اعلان بغاوت کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اورکہاکہ حکومت مدینہ کی اسلامی ریاست کے جھوٹے دعوے کرتی ہے،حکومت نے اسٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا، اسٹیٹ بنک کے گورنر کو برطرف کیا جائے۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں فرید احمد پراچہ، پروفیسر ابراہیم اور میاں اسلم اوردیگرنے کہا کہ پاکستان میں سودی نظام معیشت کے باعث غربت، بیروزگاری اور مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، ان تمام مسائل کا حل سودی نظام کو اسلامی نظام معیشت میں تبدیل کرنے میں ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More