تازہ ترین
سندھ حکومت کا آئندہ مالی سال کا 12 کھرب 40 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش

سندھ حکومت کا آئندہ مالی سال کا 12 کھرب 40 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش

کراچی: (17 جون 2020) سندھ حکومت کا مالی سال 21-2020 کا تقریباً 12 کھرب 40 ارب روپے سے زائد کا بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کے زیرصدارت ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجٹ پیش کیا۔ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تاہم وزیراعلیٰ نے تقریر جاری رکھی۔

اپنی آٹھویں بجٹ تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹڈی دل کے سدباب کیلئے 44 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا اعلان کیا اور زرعی شعبے کے نقصانات کو دیکھتے ہوئے زراعت کے بجٹ میں 15 ارب روپے اضافے کی تجویز پیش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کے سبب صحت کا بجٹ 16 فیصد اضافے سے 139.8 ارب روپے کیے جانے کی تجویز ہے جبکہ کورونا ایمرجنسی فنڈ 3 ارب روپے کا ہوگا۔ مالی سال 20-2019 جئکےت محکمہ صحت کے بجٹ کا تخمینہ 120.486 ارب روپے روپے تھا۔ بجٹ تقریر میں بتایا گیا کہ تعلیم کا بجٹ 10 فیصد اضافے سے 244.5 ارب روپے کیا جا رہا ہے جبکہ مالی سال 20-2019 میں تعلیم کا بجٹ 212.4 ارب روپے تھا۔

سندھ میں صوبائی ترقیاتی بجٹ 155 ارب جبکہ ضلعی ترقیاتی بجٹ 15 ارب روپے کا ہوگا۔ بجٹ میں بلدیات کیلئے گرانٹ میں 5 فیصد اضافہ کر کے اسے 78 ارب روپے کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں بلدیات کیلئے 74 ارب مختص تھے۔

صوبائی بجٹ میں تھر کول اور پانی فراہمی سمیت پانی کے مختلف منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ماس ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹ کیلئے 3 ارب 11 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سندھ بجٹ میں ملیر ایکسپریس وے کیلئے 2 ارب 7 کروڑ روپے جبکہ کراچی ٹھٹہ شاہراہ کیلئے ایک ارب 86 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھائی گئیں لیکن صوبہ سندھ کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top