پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال لیا جائے گا،شوکت ترین

اسلام آباد: پاکستان بشمول امریکہ تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے واضح کیا ہے کہ کسی کیمپ میں شمولیت اختیار کیئے بغیر روس کے ساتھ بھی بہترین تعلقات استوار کیئے جارہے ہیں۔

وزیر خزانہ شوکت ترین فیٹف کی گرے لسٹ سے باہر نکلنے کیلئے پر امید، کہتے ہیں آئندہ جائزہ اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال لیا جائے گا۔

صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف کے اٹھائیس میں سے ستائیس مطالبات پورے کر دیئے لیکن ہمیں شکار بنایا جارہا ہے اور پریشر ڈالے جارہے ہیں۔ امید ہیں اگلے جائزے میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال لیں گے۔ ہمارے مخالف ممالک سیاسی ایجنڈے کے تحت ہماری مخالفت کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک کی برآمدات میں پچیس سے اٹھائیس فیصد اضافہ کے باوجود پیٹرول پر سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کو کم کیا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں سو فیصد سے زائد اضافہ کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چالیس فیصد تک اضافہ کیا۔ دو ارب ڈالر کی کورونا ویکسین خریدی گئی۔ ملکی مجموعی درآمدات میں چینی اور گندم درآمد کرنے کے باعث اضافہ ہوا۔

مشتاق احمد، شیری رحمان ،رضا ربانی اور دیگر اپوزیشن اراکین کے مطابق بلوچستان کا مسئلہ صرف سیاسی نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کا مسئلہ ہے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ ان کے رشتہ داروں سے ملاقات سے حل نہیں ہوگا۔

قائد ایوان شہزاد وسیم بولے خارجہ پالیسی کے ضمن میں یہاں کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستان بشمول امریکہ تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ہم کسی کیمپ میں نہیں جائے بغیر اب روس کے ساتھ بھی بہترین تعلقات قائم کررہے ہیں۔

حکومتی رکن فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ ان کو این آر او مل جائے، امریکی صدر بارک اوبامہ نے اپنی کتاب میں ایبٹ آباد آپریشن کے بعد صدر آصف زرداری کو کال کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے مجھے مبارک دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فیصل جاوید کی تقریر کے دروان اپوزیشن اراکین شور شرابہ کرتے رہے۔ سینیٹ اجلاس پیر سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More