شیری رحمان نے عوامی مارچ کو گیم چینجر قرار دے دیا

اسلام آباد: نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ‏چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عوامی مارچ ایک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عوامی مارچ کے لیے کراچی سے لاہور تک جو عوامی حمایت اور پرجوش ردعمل شاندار اور حیرت انگیز ہے۔ہر گزرتے دن اور شہر کے بعد عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو اور پی پی پی نے ایک بار پھر حقیقی عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے پرانے جیالے دوبارہ متحرک ہو گئے اورنئی نسل پیپلز پارٹی کی آزاد خیال اور ترقی پسند سیاسی نظریے کی طرف مائل ہو رہی ہے۔لوگ حقیقی سیاسی تحریک کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ عوام کھوکھلے نعروں اور دعووں سے مایوس ہو چکے ہیں۔‏عوامی مارچ کے ذریعے قوم نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کر دیا ہے۔آج لاہور کی عوام عدم اعتماد پیش کرے گی۔عوامی مارچ کے بعد ہی وزیراعظم کو عوام اور اتحادی یاد آئے ہیں لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More