اسلام آباد: نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اٹھارویں ترمیم اور پارلیمانی جمہوریت کے خلاف بیان قابل مذمت ہے،کب تک اپنی نااہلی اور ناکامیوں کا دوسروں کو الزام دیتے رہیں گے۔
وزیراعظم کے انٹرویوپر ردعمل میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سی این این کو انٹریو میں وزیراعظم نے کہا اٹھارویں ترمیم سے مسائل آئے ہیں،یہ ترمیم آئین کے بعد دوسری سب سے بڑی متفقہ دستاویز ہے، وزیراعظم جو صدارتی اختیارات چاہتے ہیں وہ آصف زرداری نے پارلیمان کو منتقل کئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ عدم تعاون کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، تین صوبوں میں آپ کی پارٹی کی حکومت ہے،کیا پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عدم تعاون کا ذمہ دار بھی کوئی اور ہے؟اپنی نااہلی اور ناکامیوں کا کب تک دوسروں کو مورد الزام ٹھرائیں گے؟ متنازعہ بیانات دینے سے گریز کریں۔