اپوزیشن خود کو خوار کررہی ہے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہااپوزیشن خود کو خوار کررہی ہے، مخالفین الیکشن مہم پر ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو احتجاجی تحریک میں وارم اپ میں 6 ماہ لگیں گے ، دھرنے کا اصل وقت وہ تھا جب فضل الرحمان اسلام آباد آئے تھے، اب تو اپنے آپ کو خوار کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں شامل نہیں تھا، طے ہونے والے معاملات چند دن میں سامنے آجائیں گے، میں نے سعد رضوی سے خود کہا کہ یہ وزارت مذہبی امور اور پنجاب حکومت کا معاملہ ہے، ٹی ایل پی کو پنجاب حکومت کے کہنے پر وزارت داخلہ نے کالعدم قرار دیا تھا، انہی کی درخواست پر پابندی واپس لی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے اسی ماہ ایک ہزار پولیس والے بھرتی کریں، 1122 کیلئے پنجاب کیساتھ ایم او یو کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ہیں ای سی ایل سے نکلنے کے لیے دونوں نے درخواست نہیں دی، نیب نے ایک اور کیس دو ہفتے پہلے بھیجا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More