بھارتی آبدوز کا سراغ لگانے اور پاکستانی حدود سے بھگانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے بھارتی آبدوزکا سراغ لگانے اور اسے پاکستانی حدود سے بھگانے پرپاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت اور ارض پاک کے تحفظ کے لیے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی، فضائیہ اور بحریہ نے ارض وطن کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنی بحریہ کی پیشہ ورانہ تیاری اور چوکسی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ غیر معمولی صلاحیت اورپیشہ ورانہ تیاری کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کے لیے انعامات اور اعزازات کا اعلان کیا جائے۔

واضح رہے کہ پاک بحریہ نے بھارتی سب میرین کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ایک بار پھر ناکام بنا دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سب میرین نے 16 اکتوبر کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مسلسل نگرانی سے بروقت بھارتی سب میرین کا پتا لگایا اور مسلسل تیسری بار پاک بحریہ کے لانگ رینج پیٹرول ائیرکرافٹ نے بھارتی سب میرین کو بروقت ٹارگٹ کرکے روکا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More