مہنگائی سے چھٹکارا عمران خان سے چھٹکارے سے منسلک ہے، شازیہ مری

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے چھٹکارا عمران خان سے چھٹکارے سے منسلک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان جھوٹ اور دھاندلی سے الیکشن جیت کر آئے تھے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ارباب اقتدار پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ یہ مافیا ہیں، ان کو پتہ ہے کہاں سے کمانا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ کورونا فیڈز کے پیسے بھی کھا گئے ہیں جس کا انہیں جواب دینا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ فارن فنڈنگ سے متعلق 77 اکاونٹس میں صرف 12 کی تفصیلات دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ رواں سال اچھی خبریں ملیں گی۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے ایک ڈاکومنٹ تیار کیا ہے جس کے تحت یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جب سے آئے ہیں صرف کما رہے ہیں لگا نہیں رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی نہیں تباہی لے کر آئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ رمضان و عید کی طرح خیبرپختونخوا میں تبدیلی کا چاند نظر آگیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں حکومت نے عوام کے لیے کیا کیا؟

فیصل کریم کنڈی نے انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تحریک انصاف کی تلاشی کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی شادیوں کا سنا تھا، اجتماعی فیصلوں کا تو نہیں سنا تھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے زور دے کر کہا کہ جمہوری طریقے سے ان ہاؤس تبدیلی لانی چاہیے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More