شوکت ترین کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسان دستیابی کیلئے چینی کے ذخائر کوتقویت دی جائے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری خزانہ ڈویژن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.35 فیصد اضافہ ہوا، 33 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 6 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کل 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ انڈے 0.04 فیصد، آلو 0.05 اور پیاز 0.03 فیصد سستا ہوا، ٹماٹر 0.97، چکن 0.40، اور لہسن 0.02 مہنگا ہوا، دال ماش، دال مونگ، چینی اور بعض دیگر اشیاء سستی ہوئی۔

وزیر خزانہ نے قیمتوں میں استحکام اور آسان دستیابی کیلئے چینی کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو مختلف دالوں کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے دالوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، اجلاس کو خوردنی تیل کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے بھی میں بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی نے عالمی مارکیٹ کے مطابق مقامی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس کو بھارت، سری لنکا اور بنگلا دیش میں قیمتوں کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز کو روزانہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، اجلاس کےشرکاء کو سستا سہولت بازاروں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More