جن علاقوں سے پانی نکالا جا چکا ہے، وہاں متاثرین کی واپسی شروع ہو گئی، شرجیل میمن

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کیلئے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متاثرین کیلئے ہرممکن وسائل بروکار لانے کی ہدایت دی ہے۔ صدر آصف زرداری کو بھی سیلاب متاثرین کی بہت زیادہ فکر ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام نے پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا کہا کہ مشکل وقت میں پنجاب کی جانب سے کوئی امداد تو فراہم نہیں کی گئی الٹا سندھ حکومت کی جانب سے پنجاب سے خریدا گیا سامان روک دیا گیا۔ ان کی دشمنی پیپلزپارٹی کیساتھ ہے، کیمپوں میں موجود معصوم بچوں کا کیا قصور ہے۔

شرجیل انعام نے کہا جن علاقوں سے پانی کا اخراج ہوچکا ہے، وہاں متاثرین کی واپسی بھی شروع ہوگئی ہے۔ صوبے میں کوئی بھی ریلیف کیمپ بند نہیں کیا جارہا، آخری متاثرہ شخص کی گھر واپسی تک ریلیف کیمپ قائم رہیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا متاثرین کو میڈیکل کی سہولیات دینے کے لیے جتنے بھی اخراجات ہوں گے حکومت سندھ کرے گی۔ تعمیری تنقید اور مسائل کی نشاندہی پر شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد کے صحافیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد کے لیبر اسکوائرز میں قائم ٹینٹ سٹی کا بھی دورہ کیا۔ جہاں بچوں میں گھل مل گئے اور ان میں کھلونے بھی تقسیم کیے۔ ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو اور ڈی ایچ او ڈاکٹر لالا جعفر خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More