ملک کے مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں،شاہد خاقان

اسلام آباد: نیب ترمیمی آرڈینینس ملکی نظامِ عدل پر حملہ اور چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا شاخسانہ ہے۔ لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے ملکی مسائل کے فوری حل کیلئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کردیا کہتے ہیں جب پولیس اہلکار شہید ہورہے ہوں تو پارلیمنٹ کو کیوں نہیں بتایا جاتا کہ کس سے کیا وعدے کیئے گئے تھے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب کو حق کی آواز دبانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ نیب ترمیمی آرڈی نینس کا مقصد ملک میں عدل کے نظام پر حملہ ہے اور چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع ہے سچ اور جھوٹ عوام کے سامنے آنا چاہیئے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ اس ملک میں ایک سچائی کا کمیشن بنا دیں سب پتہ چل جائے گا۔ آج پاکستان کے مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔

کالعدم مذہبی جماعت کا ذکر کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی بولے اب مذہبی جماعت کا نام لینے پر بھی ٹی وی اسٹیشن پر پابندی عائد ہو جاتی ہے یہ وہی مذہبی جماعت ہے جو عام انتخابات سمیت کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھی حصہ لے چکی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پولیس اہلکار شہید ہورہے ہوں تو پارلیمنٹ میں آکر بات کیوں نہیں کرتے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کیوں نہیں بلایا جاتا، پارلیمنٹ میں آکر کیوں نہیں بتایا جاتا کہ کس سے کیا وعدے کیئے گئے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More