تازہ ترین
سعودی عرب سے متعلق وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، شہباز شریف

سعودی عرب سے متعلق وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، شہباز شریف

اسلام آباد:(07 اگست 2020)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ہمیشہ کے دوست برادر ملک سعودی عرب کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک، قابل مذمت اور قومی وملکی مفادات کے منافی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات استوار ہیں سعودی عرب نے جوہری دھماکوں سمیت پاکستان کو درپیش مشکل اور آزمائش کے ہر مرحلے پرپاکستان اور اس کے قومی مفادات میں ساتھ دیا ۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ موجودہ حکومت کے ربط و تعلق اور انداز بیان پر قوم کو تشویش ہے، برادر اسلامی ملک کے بارے میں میڈیا پر بیان غیر ذمہ داری کی انتہا اور بڑی سفارتی حماقت ہے یہ رویہ امت مسلمہ کے اتحاد، ملی مفادات اور پاکستان کے کلیدی مفادات کے منافی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت اپنی عاقبت نااندیشی سے پاکستان کو خارجہ میدان میں تنہائی کا شکار کر رہی ہے موجودہ حکومت خارجہ محاذ پر نازک معاملات کو اپنی حماقت یا پھر کسی دانستہ ایجنڈے کے تحت زک پہنچا رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امت کے اتحاد اور ان میں اختلاف کو سلجھانے میں کردار ادا کیا ہے، موجودہ حکومت اس سے پہلے پاکستان کے قریبی اور دوست ممالک سے متعلق بھی ایسی ہی حرکتیں کرچکی ہے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے معذرت کی جائے اور معاملات کو خوش اسلوبی، دانائی اور احسن انداز سے ڈیل کیاجائے۔

Comments are closed.

Scroll To Top