یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نےڈالر کی اونچی اڑان کو معاشی تباہی کے طوفان کی علامت قرار دے دیا ۔انہوں نے کہا روپے کی قدر میں کمی درست معاشی پالیسی نہ ہونے کا ثبوت ہے ۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ جب وزارت خزانہ اپنے مشیر خزانہ کے بیان کی تردید کرے اور جھوٹے اعدادوشمار دئیے جائیں تو پھر معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے ،ریکارڈ تجارتی خسارہ ملکی معاشی تباہی کے خطرناک اشارے ہیں، کرنٹ اکاؤ نٹ خسارہ کی بلند ترین سطح معاشی غلط سمت کی دلیل ہے ۔قرض، مہنگائی، خسارے، ڈالر ہر چیز ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

انہوں نے کہا اگر ملک میں منتخب حکومت ہوتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی ۔ملک کو جس معاشی کھائی میں دھکیل دیاگیا ہے، جلد کچھ نہ کیاگیا تو واپسی مشکل ہوگی۔ یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کررہی ہے ۔

شہباز شرف کا کہنا تھا کہ معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کے سلامتی کے مفادات کے لئے زہرقاتل ہے، خدارا آنکھیں کھولی جائیں ،معاشی تباہی سے ایسا طوفان اٹھے گا جس میں ہم فاٹف اوردیگر درپیش مسائل بھول جائیں گے،پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی وعوامی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ بچار کریں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More