شہبازشریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ سے ڈسکہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں ملوث افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کرانے، غیرقانونی ہدایات دینے والے وفاقی اورصوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو بے نقاب اورکارروائی کی جائے، مزید تحقیقات کرکے وفاقی اور صوبائی سطح پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، ضلعی حکام کو مجرمانہ عزائم کے تحت ہدایات جاری کرنے والوں کو پکڑا جائے، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 191 کے تحت ملوث پائے گئے افسران وعملہ کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کی جائیں اورملوث لوگوں کے خلاف سزا کا عمل شروع کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایکٹ، رولز، ضابطہ اخلاق، طریقہ ہائے کار میں ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ ڈسکہ جیسی بے ضابطگیاں نہ ہوں۔ رپورٹ سے ثابت ہوا کہ سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر حکومتی اہلکاروں کے ساتھ اجلاس ہوتے رہے۔ ملاقاتوں میں ایک مشیر وزیراعلی اور وزیراعلی سیکریٹریٹ کا افسر بھی شریک ہوتے رہے، الیکشن کمشن ملوث پائے گئے تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فوری آغاز کرے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More