شاہ محمود قریشی کی ایم کیوایم کے کارکنوں پر پولیس کے تشدد کی مذمت

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایم کیوایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق اور ایم این اے کشور زہرہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے گزشتہ روز پر امن احتجاج پر پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کی ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے کراچی میں پرامن مظاہرین پر پولیس کے ناروا سلوک اور تشدد کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کو لاٹھیوں اور شلنگ کے ذریعے منتشر کرنا جمہوری حق کی نفی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پولیس تشدد سے ایم کیو ایم کے کارکن اسلم کی شہادت اور ایک کارکن کی آنکھ کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی خواتین پر پولیس تشدد کی جس قدر مذمت کی جائے، کم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جس طرح ایم کیو ایم کے منتخب ایم پی اے کو کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹا گیا وہ پوری قوم نے دیکھا۔کل کے افسوسناک واقعہ سے جمہوریت کے جھوٹے دعویداروں کی قلعی کھل گئی۔آئے روز، جمہوریت کا درس دینے والوں کا اصل چہرہ سب نے ٹی وی سکرینز پر دیکھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کا بلدیاتی قانون، ماسوائے پیپلزپارٹی، تمام جماعتیں مسترد کر چکی ہیں۔پی ڈی ایم میں شامل پاکستان مسلم لیگ نون بھی مسترد کر چکی ہے۔اس قانون کے خلاف اسمبلی کے اندر احتجاج اور اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا مسلسل جاری ہے۔سندھ کا بلدیاتی نظام، عوام کے درمیان مذاق بن کر رہ گیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More