پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں ڈالنے والوں کے عزائم خاک میں مل گئے، شاہ محمود قریشی

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر داخلہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے اصولی فیصلے پر قوم کو مبارک باد پیش کرتاہوں، اب سروے ٹیم کا دورہ رسمی ہے گرے لسٹ سے نکالنے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے۔ ہندوستان اور ناقدین کے عزائم خاک میں مل گئے جو پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں ڈالنا چاہتے تھے۔

ملتان میں اپنے جاری کردہ بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو منہ کی کھانا پڑی پاکستان کو گرے لسٹ میں ن لیگ کے دور میں ڈالا گیا، ہماری ساڑھے تین سالہ دور حکومت کی شب روز محنت سے پاکستان کا باہر آنے کا اصولی فیصلہ ہوگیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ میں نے سیاسی‘ سفارتی اور تکنیکی طور پر اقدامات اٹھائے اور جو ہدایات ہمیں دی گئیں ان پر من وعن عمل کیا،، قوم جانتی ہے 2ماہ کے ا قدامات کی بدولت نہیں بلکہ ہماری حکومت کے ساڑھے تین سالہ دور میں کئے گئے اقدامات کی بدولت پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر نکالنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی حالات میں لوگوں میں غم و غصہ بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے،جتنے تجربہ کار اکٹھے ہوئے ہیں انہوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے،لوگ پہلے مہنگائی کا رونا رو رہے تھے اب تباہی کا ذکر کررہے ہیں،عمران خان نے ملکی حالات دیکھتے ہوئے اتوار رات 8 بجے پاکستان کے ہر شہری کو اپنے اپنے شہر میں پر امن احتجاج ریکارڈ کرنے کی کال دی ہے،اگر عوام نے مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج ریکارڈ نہ کروایا تو امپورٹڈ حکمران ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نادان ہے جواپنی نا اہلی کا پورا ملبہ تحریک انصاف پر ڈال رہی ہے، قوم کے سامنے حقائق چھپا رہی ہے ریکارڈ قوم کے سامنے ہے،ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن تھی،ہماری حکومت کی طرف شب خون مارا گیا اور چلتی حکومت کو گھر بھیج کر ملکی معیشت کو تباہ کردیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More