پاکستان کی رومانیہ کے ساتھ برآمدات کی شرح بتدریج بڑھ رہی ہے، شاہ محمود قریشی

بخارسٹ: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی رومانیہ کے ساتھ برآمدات کی شرح بتدریج بڑھ رہی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے دورہ کے دوران وزیر اقتصادیات سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر تعلقات، تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رومانیہ کے وزیر خارجہ اقتصادیات نے رومانیہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے، رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، ہماری حکومت، اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

فریقین نے کورونا عالمی وبائی چیلنج کے باوجود، پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برس میں پاکستان اور رومانیہ کے مابین تجارتی تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ، پاکستان کی رومانیہ کے ساتھ برآمدات کی شرح بتدریج بڑھ رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین گزشتہ مالی سال کے دوران 50 فیصد سے زائد جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 40 فیصد سے زائد کا اضافہ بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا مظہر ہے ، پاک-ای یو اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر جون 2019 میں یورپی یونین کی جانب سے رومانیہ کی صدارت کے دوران دستخط کیے گئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More