جنونی کیفیت کے سامنے بند باندھنا ہوگا،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اسلامی تعاون تنظیم کے کونسل آف فارن منسٹرز کے غیر معمولی اجلاس اور سیالکوٹ میں پیش آنے والے المناک واقعہ کے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا کہتے ہیں جو سیالکوٹ میں ہوا وہ نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ کوئی معاشرہ ایسے واقعات کی اجازت نہیں دیتا۔ جنونی کیفیت کے سامنے بند باندھنا ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس مسئلہ افغانستان پر انیس دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں شرکت کیلئے مختلف ممالک کے خصوصی نمائندوں کو بھی دعوت دی ہے۔ افغانستان کی صورتحال پر فوری توجہ دینا ہوگی تاکہ افغانستان کے انسانی بحران میں اضافہ نہ ہو۔ افغانستان میں معاشی بحران پیدا ہوا تو مضر اثرات مرتب ہوں گے۔ افغانستان کے حالات خدانخواستہ خراب ہوئے تو پاکستان سمیت پورا خطہ متاثر ہو گا۔

سانحہ سیالکوٹ پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ انتہائی تکلیف دہ ہے جو سیالکوٹ میں ہوا وہ نہیں ہونا چاہیئے تھا کوئی معاشرہ ایسے واقعات کی اجازت نہیں دیتا۔ سیالکوٹ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں ایک سو اٹھارہ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سری لنکن حکومت پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے سری لنکن حکومت چاہتی ہے کہ ذمہ داروں کو سزا ملے ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ ذمہ داران کٹہرے میں لائے جائیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ معاشرے کو بھی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ جنونی کیفیت کے سامنے بند باندھنا ہوگا حکومت اور عوام دونوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انتہا پسند سوچ کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More