شفقت محمود پہلے اپنے چار سال کا جواب دیں، مصدق ملک

اسلام آباد: وزیرمملکت برائے توانائی سینیٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ شفقت محمود چار سال کا جواب دیں، ایک ماہ کا حساب بعد میں مانگیں ۔

تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے توانائی سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں مشورے دینے کے بجائے بہتر ہوتا کہ چار سال میں ان پر عمل کرتے ۔ چار سال میں ہر شعبے کا کباڑا کرنے والے اپنے مشورے پاس رکھیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہیں اقتدار میں کچھ سمجھ نہ آیا، اپوزیشن میں آتے ہی مدبر بن گئے ہیں ۔ملک وقوم کو معاشی تباہی، مہنگائی اور مسائل کے زخم دینے والے اور عذاب میں مبتلا کرنے والے اب مشورہ دے رہے ہیں۔ حکومت ہو یا اپوزیشن، پی ٹی آئی کے پاس دشنام اور الزام کے سوا کچھ نہیں ہے ۔

سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ مجرموں نے ڈالر 115 سے 189، مہنگائی 3.4 سے 16 فیصد پر پہنچا دی ۔چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا پی ٹی آئی کا مطالبہ فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کی کوشش ہے ۔عمران خان کہتے تھے جان کی پرواہ نہیں، انہیں اپنی جان، مال اور اقتدار کی سب سے زیادہ فکر پڑی ہوئی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More