ریاض: سعودی عرب میں مسجد الحرام میں بچوں کے داخلے سے متعلق اہم اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے دو سال سے عائد کورونا پابندیوں کو مزید نرم کرتے ہوئے اب 12 سال یا اس سے زائد عمر کے غیرملکی بچوں کو بھی عمرے کی اجازت دے دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسی طرح عمرہ کمپنی سعودی عرب سے باہر سے عمرہ ویزہ کے ساتھ آنے والے زائرین کے لیے ضروری اجازت نامے جاری کرے گی۔ اگرچہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ہے اور عبادت گزاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے لیکن ماسک پہننا اب بھی لازمی ہے۔
سعودی حکام کے مطابق سعودی عرب کے رہائشی اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہری جو 12 سال یا اس سے زائد عمر ہوں وہ عمرے کی ادائیگی، مسجد الحرام میں نماز اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری وغیرہ کیلئے اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔