مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دارطبقہ مشکل میں ہے، عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کی مشکلات کا احساس ہے۔مجھے احساس ہےکہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دارطبقہ مشکل میں ہے مگر اب تنخواہ دار لوگ بھی باآسانی گھر خرید سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں پی ایچ اے آفیسرز ریزیڈینشیا اور پی ایچ اے فلیٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرائےکی رقم بینکوں کو قسطوں کی صورت میں ادا کر کے کوئی بھی شخص گھر کا مالک بن سکتا ہے۔اب اگرآپ کے پاس گھربنانےکی رقم نہیں توبینکوں سےقرضہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کوقرضوں کی فراہمی کیلئےبینک اسٹاف تربیت یافتہ نہیں تھا مگر اب بینک کا عملہ تمام لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے۔ پاکستان میں عام آدمی کے لیے بینک کے ذریعے گھر خریدنے کا کوئی طریقہ رائج نہیں تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فورکلوژرلاء پاس کرانےمیں ڈھائی سال کا عرصہ لگا۔پاکستان میں گھروں کی بہت کمی ہے اس لیے ہم نے ہاؤسنگ انڈسٹری پر توجہ دی کیونکہ ہاؤسنگ انڈسٹری ملکی معیشت کو کھڑا کردیتی ہے اور اس صنعت کے ساتھ 30 صنعتیں منسلک ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران ہاؤسنگ سیکٹر پر عروج آیا۔ سیمنٹ اور اسٹیل کی ریکارڈ فروخت ہوئی۔ہم نے گھروں کے لیے قرضوں میں آسانی پیدا کی ہے جس کے بعد اب تنخواہ دار طبقہ بھی باآسانی اپنا گھر خرید سکتا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی ادارے پاکستان کی گروتھ کو مستحکم قرار دے رہے ہیں جبکہ عالمی بینک کی رپورٹ کےمطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات، ٹیکس اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More