دوہزارایک والا قانون واپس نہیں لائیں گے،سعید غنی

کراچی: مجلس وحدت المسلمین نے بلدیاتی قانون کے معاملے پر سندھ حکومت کی حمایت کردی، کراچی میں صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیٹیکل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم سید علی حسین کا کہنا تھا کہ مشرف دور والے دو ہزار ایک کا قانون واپس نہیں لایا جاسکتا، سندھ حکومت نے اچھا کام کیا ہے، تاہم جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں سے بات ضرور کی جائے۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی اور پیپلز پارٹی کراچی کے رہنمائوں نے وحدت ہائوس کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت المسلمین کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نے بلدیاتی قانون میں کی گئی ترامیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اچھا کام کیا تاہم جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں سے بیٹھ کر بات کی جانی چاہئے ۔

صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ مخالفین عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے احتجاج کی راہ اپنا رہے ہیں، یہ لوگ ساری عمر بھی سڑک پر بیٹھے رہیں ،دو ہزار ایک والا قانون واپس نہیں لائیں گے، سیاسی جماعتوں کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، اچھی ترامیم آئیں تو تبدیلی ممکن ہے ۔

رہنما مجلس وحدت المسلمین کا کہنا تھا کہ ملک اور عوام کے مفاد میں سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا، کراچی صوبے کا دل ہے اس کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More