کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ مری سانحے کے ذمہ دار مقامی انتظامیہ اور پنجاب حکومت ہیں، وفاقی نااہل وزیر مری میں ہوشربا با رش کو معاشی کامیابی سے جوڑ رہے تھے ، ان کے خلاف ایف آئی آر ہونی چاہیے۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کا کہنا تھا کہ مری میں اتنی بڑی تعداد میں سیاحوں کی ہلاکت افسوسناک ہے، سانحے کی ذ مہ داری انتظامیہ اور پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ احتجاج جمہوری حق ہے تاہم اس کی آڑ میں لسانیت کی سیاست برداشت نہیں کی جاسکتی ، جماعت اسلامی تفریق کی سیاست کرکے ایم کیو ایم کی جگہ لینا چاہتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی پر بین لگ سکتا ہے، عمران خان استعفی دے کر شفاف تحقیقات کی راہ ہموار کریں ۔
اس موقع پر صوبائی وزیرسعید غنی نے کراچی پریس کلب کے نومنتخب اراکین سے ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔