تازہ ترین
رحمان ملک کا وزیراعظم سے فوری طور پر محدود کرفیو لگانے کا مطالبہ

رحمان ملک کا وزیراعظم سے فوری طور پر محدود کرفیو لگانے کا مطالبہ

اسلام آباد: (12 جولائی 2020) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے وزیر اعظم سے فوری طور پر محدود کرفیو لگانے اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی اور اگست میں کورونا کے مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ بغیر کسی تاخیر کے ایس او پیز کے نفاذ کیلئے فوج کے زیرانتظام کرفیو نافذ کیا جائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے جانے والے خط میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کیلئے دس اہم سفارشات پیش کی ہیں اور کہا ہے کہ جولائی اور اگست میں کورونا کے مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ بغیر کسی تاخیر کے کورونا وائرس کے خلاف ایس او پیز کے نفاذ کیلئے فوج کے زیرانتظام کرفیو نافذ کیا جائے۔ جبکہ جولائی، اگست اور ستمبر 2020ء کے مہینوں کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ایمرجنسی قوانین لائے جائیں جو ادوایات کی ذخیرہ اندوزی اور جعل سازی کرنے والوں کے خلاف سخت سزائیں تجویز کرے۔ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی جائے کہ ان جرائم میں گرفتار اور سزا پانے والے افراد کی خبریں دیں۔ کوویڈ 19 کے مریضوں کے فوری اور بڑے پیمانے پر علاج معالجے کیلئے عارضی طبی مراکز قائم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے چین سے مزید ڈاکٹرز اور نرسز بھیجنے کی درخواست کی جائے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے تمام ضروری ادویات اور آلات کی وافر فراہمی یقینی بنایا جائے۔ کورونا وائرس کے علاج کیلئے ضروری ادویات و آلات کو ٹیکس و ڈیوٹی سے عارضی طور پر مستغنی قرار دی جائے۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے حفاظتی کٹس کی درآمد اور لوکل پروڈکشن پر پابندیاں ختم کی جائیں۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے رسک الاؤنس اور تنخواہوں میں سو فیصد تک اضافہ کیا جائے۔ ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف جو کورونا مریضوں کا علاج کرتے ہوئے شہید ہوجاتے ہیں انہیں پولیس کے برابر معاوضے کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ عیدالاضحیٰ پر بڑے اجتماعات سے کورونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جائے گا۔

Comments are closed.

Scroll To Top