اب حقیقی تبدیلی آئے گی، عبدالعلیم خان

لاہور: عمران خان کے سابق دیرینہ ساتھی اور سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اب حقیقی تبدیلی آئے گی۔ ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم ڈٹے ہوئے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے اپنے ساتھیوں سمیت لاہور کے مقامی ہوٹل آمد پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یہاں موجود ہوں۔ پنجاب میں بھی پی ٹی آئی راہ فرار اختیار کر چکی۔ اب اس کی شکست یقینی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ وفاق ہو یا پنجاب اکثریت کو جمہوری تقاضوں کے مطابق اُس کا حق ملنا چاہیے۔ آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ یہ جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔ جمہوریت اور آئین کا مذاق نہ اڑائیں۔ الیکشن ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ جو اکثریت رکھتا ہے وہی وزیراعلیٰ منتخب ہوتا ہے۔ ایسا ہونے دیا جائے۔ اگر آپ کے پاس اکثریت ہے تو آپ اسمبلی آئیں اور ثابت کریں۔ اکثریت کھونے والے اپوزیشن میں بیٹھیں، اس میں کوئی حرج کی بات نہیں ہے۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان بھی وفاق میں یہ تسلیم کریں کہ اُن کے پاس اکثریت نہیں رہی تاہم جو کچھ ہو رہا ہے، بدقسمتی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More