رانا ثنا اللہ نے شیخ رشید کو منحوس کردار قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں کا کہنا ہے کہ ہر روز فوجی قیادت کو دعوت دینے والے نے آج پالش اور برش اٹھالیا ہے۔ایک دن گالی، اگلے دن قوالی باس اور چپڑاسی کی سیاسی زندگی کی کل کہانی ہے۔ اب الیکشن ہی ہوں گے، باس اور چپڑاسی اسی لیے پریشان ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے شیخ رشید کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی پر جھاڑو پھیرنے والے اب جمہوری نظام پر جھاڑو پھیرنا چاہتے ہیں۔ 4 سال میں کمر توڑ مہنگائی کرنے والے اب سب سے اونچی آواز میں مہنگائی کے بین ڈال رہے ہیں۔ معیشت تباہ کر کے ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والے یہ منحوس اعلان بھی آج خود ہی کر رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید وہ منحوس کردار ہیں جو ڈالر کی قیمت بڑھنے پر اس لیے خوش ہوتے ہیں کہ انہیں سیاسی فائدے کی خیرات مل جائے۔ ان کو یہ ندامت اور شرمندگی نہیں ہوتی کہ 4 سال کی ان کی لوٹ مار اور نااہلی نے عوام اور ملک کو فقیر بنا دیا ہے ۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جھاڑو، گالی، آگ لگا دو، خون خرابہ یہ ان کا ذہنی معیار ہے۔ اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ٹولے نے ملک کو معاشی دیوالیہ پن کی نہج پر پہنچا دیا۔ ٹی وی سے سیاسی زندگی پانے والے آؤٹ ہونے کے بعد نہ صرف وکٹیں لے کر بھاگ گئے بلکہ اب پورا اسٹیڈیم گرانا چاہتے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More