پیپلزپارٹی کا حلقہ 133 کا ضمنی انتخاب جیتنے کا دعوٰی

اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تینتیس کا ضمنی انتخاب کا معرکہ جیتنے کا دعوٰی کردیا،راجہ پرویز اشرف کہتے ہیں موجودہ وزیراعظم کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہتے تھے کہ اگر دو ہزار لوگ بھی گو کا نعرہ لگائیں گے تو وہ اقتدار چھوڑ کر چلے جائیں گے آج بائیس کروڑ لوگ گو کا نعرہ لگارہے ہیں۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان اور حسن مرتضیٰ سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تینتیس کا ضمنی انتخاب کا معرکہ جیتیں گے، مہنگائی کے باعث شہریوں کی حالت بری ہے لیکن کابینہ سمیت کوئی پرسان حال نہیں کسی سرکاری محکمہ کی کارکردگی بہتر نہیں اب تو پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے بھی پریشان ہیں ان حالات میں ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ حکومت کے خلاف باہر نکلے۔

راجہ پرویز اشرف نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ مل کر جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد کی۔ راجہ پرویز اشرف کے مطابق وزیراعظم سمیت کسی کو اس بات کی اجازت نہیں کہ کسی شادی یا نجی تقریب میں شرکت کیلئے سرکاری وسائل استعمال کرے۔ توشہ خانہ کے معاملے پر ہم سے پوچھا جاتا ہے لیکن وزیراعظم خود کیا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جن حالات سے دوچار ہے ان میں وزیراعظم کی جگہ کوئی بھی لیڈر ہوتا تو وہ غیر ملکی دورے نہیں کرتا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More