کراچی سمیت سندھ بھر میں آج اور کل تیز بارشوں کا امکان

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج اور کل تیز بارشیں ہونگی، محکمہ موسمیات کے مطابق راجھستان پر موجود ہوا کے کم دباو کا مرکز آج رات سندھ پر موجود ہوگا جو موسلا دھار بارشوں کا سبب بنے گا، محکمہ موسمیات نے صوبے بھر کے لیے فلش فلڈنگ وارننگ جاری کردی۔ بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر حب ڈیم پر دباؤ کا خطرہ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راجھستان پر موجود ہوا کا کم دباؤ مشرقی سندھ میں داخل ہوچکا ہے جس کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں آج علی الصبح تیز بارش ہوئی۔ ہوا کے کم دباؤ کا مرکز ابھی راجھستان پر ہی موجود ہے جو آج رات سندھ پر ہوگا جس کے زیر اثر آج رات سے کل دوپہر کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے متوقع شدید بارشوں کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کر دی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے سبب بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث حب ڈیم پر دباؤ کا خدشہ ہے۔

آج صبح سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 27 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، شہر بھر میں ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کردیا تا ہم پہلے سے تباہ حال سڑکوں اور گڑھوں میں پانی بھر جانے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More