خیبرپختونخوا نے قائداعظم ٹرافی جیت لی

خیبر پختونخواہ نے قائد اعظم ٹرافی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔ فائنل میں ناردرن کو شکست ہوگئی۔ محمد ہریرہ پہلے ہی سیزن میں کامیاب ترین بلے باز ٹھہرے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے فائنل کے آخری روز خیبر پختونخوا نے ایک سو انہتر رنز سے کامیابی کو گلے لگالیا۔ ناردرن کو میچ جیتنے کیلیے تین سو چوراسی رنز کا ہدف ملا تھا۔ جس کے جواب میں پوری ٹیم دوسری اننگز میں دوسو چودہ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں دوسو چھپن رنز بنائے تھے۔ خیبر پختونخوا نے پہلی اننگز میں تین سو چوہتر اور دوسری اننگز میں دوسو پینسٹھ رنز اسکور کیے تھے۔

فاتح ٹیم کے ساجد خان نے فائنل میں نو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ افتخار احمد فائنل اور مبشر خان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ علی عثمان بہترین باؤلر اور روحیل نذیر بیسٹ وکٹ کیپر کا ایوارڈ لے اڑے۔ محمد ہریرہ پہلے سیزن کے گیارہ میچوں کی اٹھارہ اننگز میں نو سو چھیاسی رنز بناکر سال کے کامیاب ترین بلے باز کا ایوارڈ اپنے نام کرانے میں کامیاب رہے۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور ایک کروڑ روپے کیش پرائز دیا گیا جبکہ رنرز اپ ٹیم کوپچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More