وزیراعظم کی انسداد پولیو مہم مزید موثر بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی زمہ داری لیں ۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ہے جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد اور اعلیٰ عہدے داروں نے شرکت کی جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز اور 30 سے زائد ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک سے شریک ہوئے۔

شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین، اور سندھ میں حیدر آباد اور کراچی میں گندے پانی کے ذریعے پولیو کے پھیلاؤ کا خطرہ زیادہ ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیو کے لئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پولیو ورکرز جو دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں جس کے لیے وہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ بہترین کارکردگی دیکھانے والے پولیو ورکرز کے لیے انعامات دینے کا پلان مرتب کیا جائے۔ کم منتقلی والا سیزن پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے موزوں ترین وقت ہے اور ہم سب کو مل کر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ اومیکرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے۔ عالمی ادارے حکومت پاکستان کی کرونا اور پولیو سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کے معترف ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More