وزیراعظم یکم رمضان قومی ہیلپ لائن 911 کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان یکم رمضان المبارک کوملک بھر کی ایمرجنسی ہیلپ لائنز کو قومی ہیلپ لائن کے ساتھ منسلک کرنے کے منصوبے 911 کا افتتاح کریں گے۔

وزیر اعطم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 پر جائزہ اجلاس ہوا ۔ شرکاء اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسل ایمرجنسی ہیلپ لائن کا اجرا ء عوام کی مشکل میں ریلیف کیلئے بڑا اقدام ہوگا۔ انفرادی ایمرجنسی نمبرز کو پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 سے منسلک کیا جائے گا۔فائر بریگیڈ ،پولیس سمیت تمام ایمرجنسی نمبرز ہیلپ لائن 911 سے منسلک ہونگے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 911 پر رابطہ کر کے متعلقہ ادارے سے ایمرجنسی ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن وزارت آئی ٹی اور داخلہ کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان اقدام کا حصہ ہے ۔

شرکاء اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ ہیلپ لائن کے موثر آپریشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماہ صیام کے باقاعدہ آغاز سے قبل آزمائشی بنیادوں پر سروس کا اجرا کیا جائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More