ہمارے پاس اتنا پیسہ نہیں کہ ملک چلائیں، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس نظام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا اب تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جانے کی کوشش ہو رہی تھی، لگتا تھا یہ ہمارے دور میں نہیں ہو سکے گا، لیکن اب ملک میں ٹریک اینڈ ٹریس کا آغاز ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس کلیکشن ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم 2021 میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے، میں ایف بی آر اور مشیر خزانہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے سیمنٹ اور فرٹیلائزر پر بڑا مثبت اثر ہوگا، اس ملک میں ٹیکس کلچر کی بنیاد رکھنی ہوگی، ہماری حکومت میں ریکارڈٹیکس کلیکشن ہوا، جو 6 ہزار ارب تک جائے گا، جس میں سے 3 ہزار ارب تو قرضوں میں جائے گا، اور ہم نے لوگوں کے لیے اسپتال اور اسکول بھی بنانے ہوں گے، جس کے لیے پیسے کی ضرورت پڑے گی۔

انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیکس کلیکشن 8 ہزار ارب تک پہنچ جائے گی، اس میں ایف بی آر کا بڑا بنیادی کردار ہے، ٹیکس کلیکشن ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے، بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس اتنا پیسہ نہیں کہ ملک چلائیں، دنیا بھر میں لوگ ملک چلانے کے لیے ٹیکس دیتے ہیں لیکن ہمارے ہاں ٹیکس کلچر بنا ہی نہیں تھا۔

وزیر اعظم نے کہا لوگ سمجھتے تھے کہ ہم کیوں ٹیکس دیں، ہمارا پیسہ باہر جاتا ہے، باہر وزرا کو یاد دلایا جاتا ہے کہ آپ عوام کے ٹیکس کے پیسےخرچ کرتے ہیں، امریکی صدر بیرون ملک جاتا ہے تو سفارت خانے میں ٹھہرتا ہے، لیکن ہمارے ملک کے وزیر اعظم باہر جاتے تھے تو بڑے ہوٹلز میں رکتے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More