وزیراعظم کی زیرصدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے۔ متعلقہ محکمے حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور حیدرآباد اور سانگھڑ میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کریں اورمنصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور محمد حماد اظہر شریک ہوئے۔وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ 444 ارب روپے کا سندھ ترقیاتی پلان 48 پی ایس ڈی پی منصوبوں، نان پی ایس ڈی پی پچاس اور 7 پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر مشتمل ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 22-2021 کے لیے اس پلان کے تحت 26 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 8 وفاقی وزارتوں اور محکموں کو 16.304 ارب روپے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور حیدرآباد اور سانگھڑ میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کریں اورمنصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔

سندھ ترقیاتی پلان میں سڑکوں، موٹر وے، ہاوسنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام، آبی وسائل، صحت، اعلی تعلیم، وکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلوے، توانائی اور کھیلوں کی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More