پیپلزپارٹی کے رہنما جاوید حسین مسلم لیگ نون میں شامل

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رکن اسمبلی جاوید حسین نے مسلم لیگ نون میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

پیپلز پارٹی کے سابق رکن اسمبلی کی نون لیگ میں شمولیت کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے سیکریٹریٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں عوام کی نمائندہ حکومتیں نہیں ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ کوئی صدارتی نظام لانے اور کوئی اٹھارہویں آئینی ترمیم ختم کرنے کی بات کرتا ہے جبکہ ان معاملات کا حل پارلیمنٹ میں ہے بند کمروں میں نہیں۔ جب ٹیلی فون بند ہوجائیں گے اور بیساکھیاں ہٹ جائیں گی تو تحریک عدم اعتماد کو چوبیس گھنٹے نہیں لگیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کاکہنا تھا گلگت بلتستان کی جغرافیائی تقسیم بہت عجیب سی ہے۔ اس علاقے کو کنٹرول کرنا کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں۔ ہر دس سال بعد گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔

پیپلزپارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت کرنے والے سابق رکن اسمبلی جاوید حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آئندہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بنے گی اور وہاں کے دیرینہ مسائل حل کرے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More