وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب ہوگا، طاہر اشرفی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب نہایت اہم اور کامیاب ہو گا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مستحکم اور مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اچھے تعلقات سے دفاع اور معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا کے آخری کونے میں پتہ چلے کہ پاکستان کا فائدہ ہے ہم وہاں بھی جائیں گے۔سعودی عرب کا تعلق پاکستان کے ساتھ ہے اور پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ تعلق ہے۔سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اتحادی جماعتوں کا محدود وفد سعودی عرب جا رہا ہے۔ ہماری اپنی جماعت ہے اور ہم کسی جماعت کے غلام یا تابع نہیں۔ کل سے میرا نام آیا ہے اور میرے خلاف گالی گلوچ کی جارہی ہے۔الزام لگانے والے پہلے تحقیق کر لیا کریں۔

سابق وزیراعظم کے مشیر طاہر اشرفی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی سے پوچھا جائے کہ ان کے دور حکومت میں کیا میں نے کوئی ذاتی مفاد یا سرکاری مراعات لی ہیں۔ اگر میں نے کوئی تنخواہ یا مراعات حاصل کی ہو تو احتساب کیلئے خود کو پیش کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک کے سلامتی کے ادارے میرے اور میری قوم کیلئے سب سے اہم ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More