تازہ ترین
شیخ رشید کا نون لیگ میں دھڑے بندی کا دعویٰ

شیخ رشید کا نون لیگ میں دھڑے بندی کا دعویٰ

راولپنڈی:(10 ستمبر 2020)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ تیس دسمبر سے قبل نون لیگ شہباز لیگ سے الگ ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیاسی طور پر آج اپوزیشن کی اے پی سی اور رہبر کمیٹی کی ناکامی کا اعلان کرتا ہوں، یہ سب ملکر بھی عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے دعویٰ کیا کہ تیس دسمبر سے قبل ہی نون لیگ شہباز لیگ سے الگ ہونے جارہی ہے،

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان صرف جلسہ جلسہ کر رہے ہیں اور اپوزیشن کی اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے حالات اور بھی برے ہونے والے ہیں۔ مریم نواز کی سیاست صرف لندن جانے تک کی بات پر ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف دس ماہ سے سیروسیاحت کر رہے ہیں لیکن واپس نہیں آرہے اور مریم نواز کی پوری کوشش ہے کہ وہ کسی طرح بیرون ملک چلی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی کوشش ہے کہ باہر جانے دیا جائے۔ نوازشریف نے نہیں آنا تھا نہ آئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا کچھ نہیں بگڑے گا، پی ٹی آئی حکومت 3سال مزید عوام کی خدمت کرے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ افسوس جہاں بے نظیر شہید ہوئیں وہاں کسی نے ایک روپیہ نہیں لگایا ریکارڈ دیکھ لیں، کراچی میں وزیر اعظم نے وہی کیا جو ملک کا تقاضا ہے ہمیں لڑنا نہیں چاہیئے مرکز اور صوبے کو ملکر کام کرنا چاہیئے۔

تقریب سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لال حویلی سے اقوام متحدہ تک مارکیٹ میں آ چکی ہے،اگر زندہ رہا تو اگلے سال ایک اور آخری کتاب لکھوں گا۔

انہوں نے بتایا کہ عزیر اعلی پنجاب جلد راولپنڈی آئیں گے، اور ناز سینما کی عمارت گرا کر ڈی ایچ کیو اسپتال کی ایمرجنسی بنائیں گے، ایم سی اسلامیہ گرلز سکول کو اسپتال کا حصہ بنائیں گے،جہان بچوں کا وارڈ بنائیں گے، آئندہ ہفتہ چالیس کروڑ سے ریلوے اسپتال، چالیس کروڑ بی بی ایچ اسپتال پر بھی خرچ کریں گےسینما گرانے کی نگرانی خود کروں گا اور کیس بھی خود لڑوں گا۔

Comments are closed.

Scroll To Top