عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا۔ کہا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میرصادق ہے ایبٹ آباد میں ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے۔ یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے۔ ایک شخص کی انا،تکبر اورجھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے۔ پہلے عمران نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی اور اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے۔ عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے۔ میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا۔ جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں۔ عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے۔ اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔ عمران نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More