وزیراعظم شہبازشریف کی امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناؤں اور خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ رمضان المبارک کی بابرکت سعادتوں اور رحمتوں سے بھرپور ساعتوں کے بعد اللہ تعالی نے عید کا انعام عطا فرمایا ہے جو رب کریم کی بے پناہ عنایات کا مظہر ہے۔ صبر، ایثار اور قربانی کے اس ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم اپنے ارد گرد ضرورت مند افراد کا خاص خیال رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے۔عید الفطرکے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل وطن عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناسکیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ عید الفطرکی خوشیوں اور پہلے سے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاگیا۔ آج کے خوشیوں کے اس دن ہم اپنے فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انہیں ظلم وجبر واستبداد سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More